جناح ہسپتال کی انتظامیہ نے گزشتہ تین ماہ سے بجلی کا بل جمع نہیں کرایا جس کی مجموعی رقم دو کروڑ اٹھائیس لاکھ روپے بنتی ہے۔ عدم ادائیگی پر ایک بجے ہسپتال کی بجلی کاٹ دی گئی جس کے باعث آپریشن تھیٹر ، لیبارٹری اور دیگرشعبوں میں کام رک گئے اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم کے ای ایس سی نے ڈیڑھ گھنٹے بعد ہسپتال کی بجلی بحال کردی۔ جناح ہسپتال میں بجلی کے متبادل جنریٹر موجود ہیں تاہم وہ پورے ہسپتال کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہیں۔ ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بل کی ادائیگی کے لئے ان کے پاس رقم موجود نہیں۔ ادھر شہر کے بیشتر علاقے سسٹم مینٹینس اور بریک ڈاون کے باعث کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہے۔ شہر میں بجلی کی طلب دوہزارتین سو پچاس میگاواٹ جبکہ رسد دوہزار پچاس میگاواٹ ہے۔ اس طرح شارٹ فال تین سو میگاواٹ ہے۔ کے ای ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ مینٹیننس کا کام جلد کام مکمل کرلیا جائے گا۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے شہرکے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بھی دیکھا جا رہا ہے۔