مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور بلیک واٹر تنظیم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اخوندزادہ عبد المتین کا کہنا تھا کہ پشاور میں جماعت اسلامی کی ریلی پر حملے میں غیر ملکی عناصر ملوث ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے بدنام زمانہ امریکی تنظیم بلیک واٹر کو ملک میں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جس سے امن وامان کی صورتحال متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلیک واٹرکی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ اس موقع پرعبد الکریم میرداد خیل نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔