راولپنڈی، طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افرادمیں ایک سو دو کی شناخت ہوچکی، اڑسٹھ میتوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

پمزہسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک سوتیرہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم اور ایک سودوافرادکی شناخت ہوچکی ہے جن میں سے اڑسٹھ میتوں کوان کے ورثا کے حوالے کردیاگیا ہے۔پوسٹ مارٹم اور شناخت کے بعد چھ افراد کی لاشوں کو کراچی بھیج دیا گیا ہے۔ میتیوں کی شناخت نادراکے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے جس کیلئے نادراکا عملہ ہسپتال میں موجود ہے جبکہ ناقابل شناخت لاشوں کے ڈی این اے نمونے بھی لیے جارہے ہیں۔ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے جن افراد کی شناخت ہوئی ہے ان میں رضا خان، رخشندہ بی بی، حفیظ الرحمان، سائرہ رفیق، حارث، شمیم عبد اللہ،عطا الرحمان، غلام رحمان، فہمیدہ زبیر،نادر خان اور دیگر شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں مانسہرہ کے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب جائے حادثہ پر ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہےاور تحقیقاتی ٹیموں کی جانب سے شواہد اکٹھے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز کراچی سے اسلام آباد جانے والا بھوجا ایئرلائن کا مسافر طیارہ بوئنگ سیون تھری سیون چکلالہ کےقریب رہائشی علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے میں جہاز کے عملے کے نو اراکین سمیت ایک سو ستائیس افراد جاں بحق ہوگئے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز کا چھ بجکر چالیس منٹ پرکنٹرول روم سےرابطہ منقطع ہوا۔ بھوجا ایئرلائن نے طویل عرصے بعد دوبارہ سے آپریشن کا آغاز کیا تھا اور طیارے کی کراچی سے اسلام آباد کیلئے یہ پہلی پرواز تھی۔

ای پیپر دی نیشن