لاہور (سٹاف رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے الیکشن کے متعلق ایجنسیوں کی رپورٹ دیکھ کر سر پکڑ کر بیٹھ جاتا ہوں عوام الیکشن میں ایسی چیز کرنے جا رہی ہے جس کی کسی کو سمجھ نہیں آنی یہ کیا ہو گیا، جو نتائج کے اندازے لگا رہے ہیں وہ سر پکڑیں گے، عوام الیکشن میں ایسا کر دینگے جو کسی کی سمجھ میں نہیں آئیگا۔ نگران وزیراعلیٰ بننے کے بعد میں انگریزی بول کر تھک چکا ہوں۔ انھوں نے کہا بھارت میں پنجابی زبان کی یونیورسٹیاں موجود ہیں جبکہ ہم اپنی مادری زبان پنجابی سے دور جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا نگران وزیراعلیٰ بنتے ساتھ ہی میری زبان اور ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ بہت کچھ بولنا چاہتا ہوں لیکن بولنے کی اجازت نہیں، گن گن کر دن گذار رہا ہوں یہاں 16گھنٹے تک بجلی نہیں آرہی وزیراعظم اور صدر سے بات کی لیکن تسلی کے علاوہ کچھ نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے پاس گئے، صدر صاحب کے گھٹنے پکڑے، پنجاب میں 16گھنٹے بجلی جاتی ہے تباہ ہو رہے ہیں، کوئی نہیں سنتا۔ صدر نے کہا سیکرٹری خزانہ کو کہتا ہوں 150ارب روپے دیدیں گے۔ سیکرٹری خزانہ کا پوچھا تو پتا چلا امریکہ گئے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا سیٹوں پر بیٹھنے والوں کو کچھ نہیں معلوم ہوتا عوام کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ان 25دنوں میں بہت کچھ سیکھ لیا ہے ملک کی تباہی پر رونا آتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز اولڈ راوئینز کے32 ویں سالانہ پروگرام کی تقریب سے پنجابی میںخطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایم ظفر، ذوالفقار چیمہ، احمر بلال صوفی ،مصدق ملک نے بھی خطاب کیا۔ نجم سیٹھی نے کہا اب صرف دیانت دار اور امیر غریبوں کی مدد کرکے ہی ملک کو بچایا جا سکتا ہے 16دن گزر جانے کے بعد اللہ تعالی کا شکر ادا کروں گا مجھے نگران وزیراعلیٰ بننے کا کوئی شوق نہیں تھا پہلے راجہ پرویز اشرف کا فون آیا اور پھر نواز شریف سے ملاقات میں فیصلہ ہو گیا۔ انھوں نے کہا شفاف الیکشن کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر تبادلے کئے اور تھانے کے محرر تک کو بدل دیا، اب کوئی امیدوار یہ نہیں کہہ سکے گا الیکشن شفاف نہیں ہوئے ایس ایم ظفر نے کہا اولڈ راوئینز نے جس ادارے سے تعلیم حاصل کی ایسا کوئی ادارہ نہیں اس ادارے میں محبت بھی ہے اور نظم وضبط بھی۔ احمر بلا ل صوفی نے کہا ریکوڈک کیس کے متعلق جاننے کے بعد یقین ہو گیا پاکستان کا مستقبل بہت شاندار ہے یہاں سے28سال تک تانبا اور 55سال تک سونا نکالا جا سکتا ہے تب بھی یہاں ذخائر ختم نہیں ہوتے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ مصدق ملک اور ذوالفقار چیمہ نے کہا گورنمنٹ کالج جیسا ادارہ پوری دنیا میں نہیں، طیب اردگان ، مہاتیر محمد سمیت دیگر اہم عالمی رہنما اورعوام آج بھی علامہ اقبالؒ کو سب سے بڑا شاعر سمجھتی ہے ان کی شاعری کو پڑھتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہم آج ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو قوم کو اقبالؒ سے روشناس کرائیں ۔