خطے میں امن سے پاکستان بھارت میں تجارت بڑھ سکتی ہے: پاکستانی ہائی کمشنر

Apr 21, 2014

اسلام آباد (آن لائن) بھارت میں متعین  پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد سازی، مسئلہ کشمیر، باہمی تجارت کے فروغ، عوامی رابطوں کی مضبوطی، ثقافتی تبادلوں کے حوالے سے بات چیت آگے بڑھی ہے، اگر خطے میں امن کو یقینی بنا لیا جائے تو پاکستان بھارت باہمی تجارت میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ افغانستان میں امن قائم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا، بھارت سے تنازعات سے پاک تعلقات کے قیام کے خواہشمند ہیں، دونوں ممالک مشترکہ کوششوں سے اپنے مشترکہ دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ گزشتہ روز بھارتی جریدے کو انٹرویو میں عبدالباسط خان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کا قیام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل غور ہے کہ کچھ مسائل یا موضوعات دیگر مسائل کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوتے ہیں تاہم اس میں صرف اپنی ہی پسندیدہ موضوعات کا انتخاب نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے عبدالباسط خان کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک کو جلد از جلد دوبارہ بات چیت اور باہمی مذاکرات کا عمل شروع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ باہمی مذاکرات میں تمام باہمی مسائل اور تنازعات پر بغیر کسی پیشگی شرائط کے بات چیت کرنی چاہئے۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے واضح کیاکہ پاکستان اس بات سے بالاتر ہوکر بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں کونسی جماعت یا اتحادکامیابی حاصل کرتا ہے، بھارت سے تنازعات سے پاک تعلقات کے قیام کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔ مشترکہ کوشش کر کے اپنے مشترکہ دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں