ملک میں امن کیلئے مذاکراتی عمل شروع کیا: اسحق ڈار

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاہے کہ ملک میں امن کے لیے مذاکراتی عمل شروع ہے، امن و امان کی بہتر صورتحال کے نتیجے میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھرپور مواقع دستیاب ہوں گے، حکومت سکیورٹی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے،ڈالرکی قیمت میں دوسری مرتبہ کمی ہوئی۔ کچھ لوگ اپنے فائدے کی خاطر ملک کا نقصان کرتے ہیں،ڈالر کی قیمت کم ہونے سے انڈس موٹرز سمیت 14کمپنیوں نے قیمتیں کم کرنی کی یقین دہانی کرائی ہے،بجلی پر اب بھی اڑھائی سوارب سبسڈی دے رہے ہیں،حکومت نے متعدد اصلاحات اور استحکام کے لیے اقدامات کئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک، جائیکا، آئی ایف سی اور دیگر ادارے پاکستان کے ساتھ بزنس کر رہے ہیں، نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاکہ ملک میں امن کے لیے مذاکراتی عمل شروع ہے، امن و امان کی بہتر صورتحال کے نتیجے میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھرپور مواقع دستیاب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام کے لیے ہمارا 3 سال کا پروگرام ہے جس کے اہداف بڑے واضح ہیں، ہم مالیاتی خسارہ اس سال 8 فیصد سے 6.3 فیصد تک لائیں گے، آئندہ سال ہمارا ہدف 5 فیصد اور پھر اسے 4 فیصد تک لانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے متعدد اصلاحات اور استحکام کے لئے اقدامات کئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک، جائیکا، آئی ایف سی اور دیگر ادارے پاکستان کے ساتھ بزنس کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان سکیورٹی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ امداد نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اخراجات کی ادائیگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیسری مرتبہ آئی ہے جس کا لائحہ عمل بالکل واضح ہے، ہم اپنے دوستوں سے امداد نہیں چاہتے، ہماری ترجیح بین الاقوامی برادری کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن