لاہور (آ ئی این پی) وفاقی حکومت نے موجودہ ملکی سیاسی اور سکیورٹی امور پر ایک بار پھر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، رواں ماہ کے آخر یا مئی کے اوائل میں اے پی سی بلانے کا قوی امکان ہے جس کی وزیرا عظم نواز شریف صدارت کریں گے‘ سیاسی جماعتوں کی تجاویز پر آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، کانفرنس میں شرکت کے لیے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے گورنر، وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت کو بھی دعوت دی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے بدلتی سیاسی صورتحال، طالبان سے جاری مذاکرات، ملک کے مختلف ممالک سے ہونے والے تجارتی معاہدوں سمیت سکیورٹی ایشوز پر وفاقی حکومت میں اعلی سطح پر مشاورت کی ہے جسکے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت اہم قومی ایشوز پر سیاسی قوتوں کو ایک بار پھر اعتماد میں لے گی۔ کانفرنس کے حوالے سے رابطوں کے لیے وفاقی وزرا چودھری نثارعلی خان، اسحاق ڈار،پرویز رشید اور عبدالقادر بلوچ کو اہم ہدایات دے دی گئی ہیں۔ یہ وفاقی وزرا سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے اور ایشوز پر حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے انہیں آگاہ کریں گے۔ وزیر اعظم خود آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے اہم رہنماوں سے رابطہ کرکے ا نہیں اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیں گے۔ اے پی سی میں سیاسی اور سکیورٹی صورتحال، کراچی آپریشن ،طالبان سے جاری مذاکرات اور دیگر قومی ایشوز پر بحث کی جائے گی۔
سیاسی قیادت کو پھر اعتماد میں لینے کا فیصلہ، اسی یا اگلے ماہ اے پی سی بلانے کا امکان
Apr 21, 2014