لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی پنجاب نے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے دورہ لاہور کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کیلئے حکومت پنجاب کو خط لکھ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کی طرف سے آئی جی پنجاب پولیس، ہوم سیکرٹری پنجاب اور صوبے کے دیگر اعلیٰ حکام کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو آئندہ ہفتے لاہور کے دورے پر پہنچ رہے ہیں جس دوران وہ مختلف تقریبات سے خطاب اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بلاول بھٹو کی آمد اور ان کی سرگرمیوں کے دوران حکومت پنجاب سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔ پیپلزپارٹی قیادت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو کی آمد پر بلاول ہائوس بحریہ ٹائون، قریبی سڑکوں اور دیگر مقامات پر سکیورٹی فراہم کی جائے۔ بلاول بھٹو کی استقبالیہ تقریبات کو بھی سکیورٹی دی جائے۔ آئی جی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو دورہ پنجاب پر مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی اعلیٰ شخصیت کے حکم پر پنجاب پولیس نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے دورہ لاہور کا شیڈول طلب کر لیا اور فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
زرداری، بلاول کی لاہور آمد پر فول پروف سکیورٹی دی جائے، پی پی کا حکومت پنجاب کو خط
Apr 21, 2014