لاہور + کراچی (خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ روس کی طرح امریکہ بھی اپنے ناپاک عزائم میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ پاکستان کو تقسیم کر کے اس کے وسائل پر قبضے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ پاکستان لا الہ الا اللہ کی جاگیر ہے اور اسی بنیاد پر 1947ء میں برصغیر کے مسلمانوں کو اکٹھا کیا گیا تھا۔ بھارت کی الیکشن مہم پاکستان دشمنی کی بنیاد پر چلائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعۃ الدعوۃ لاہور کے زیراہتمام ٹائون شپ میں اٹھائیسویں سالانہ سیرۃ النبیﷺ کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے حافظ عبدالرحمان مکی، مولانا سیف اللہ خالد، حافظ عبدالغفار المدنی، علامہ ضیاء اللہ بخاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا سیرۃ النبیﷺ سے بھی ہمیں یہ ہی رہنمائی ملتی ہے کہ کلمہ طیبہ ہی کی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا میں امن قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے غلبے کا وقت آچکا ہے۔ افغانستان میں الیکشن کا ڈھونگ امریکہ اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کے لئے رچا رہا ہے۔ نریندر مودی کے جارحانہ عزائم بھارت میں آزادی کی مزید تحریکوں کا سبب بنیں گے۔ 11 سالوں میں بھارت نے افغانستان میں امریکہ کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بلوچستان میں جو کھیل کھیلے اور پاکستان کے دریائوں پر 62 ڈیم بنا کر پاکستان کی زراعت کی تباہی اور توانائی کے بحران پیدا کئے ان سب کا حساب بھارت کو دینا ہو گا۔ ہمارے حکمران بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں اور تجارت کرنے کی بجائے اپنے ملک کی اہمیت کو سمجھیں۔ حافظ عبد الرحمن مکی نے کہا کہ آج مغرب زدہ لوگ میڈیا پر بیٹھ کرعوام کو گمراہ کر رہے اور لوگوں کو قرآن کے حکامات اور سیرت النبی ﷺ سے دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کے مظلوم مسلمان آج بھی پاکستان کی طرف اُمید بھری نظروں سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کو مسلمانوں کے اتحاد کا ذریعہ سمجھتے ہیں، حافظ عبد الرحمن مکی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے حکمران ہندوستان کے ساتھ ثقافت اور تجارت کے تبادلوں کی باتیں کرتے ہیں جبکہ وہاں الیکشن ہی مسلم دشمنی پر لڑا جا رہا ہے۔ علامہ ضیاء اللہ بخاری نے کہا کہ پاکستان کلمہ توحید پر معرض وجود میں آیا تھا اس طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کے سامنے ہم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ علاوہ ازیں کراچی میں احیائے نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ غزوہ ہند کا اصل مورچہ کشمیر اور اس کے بعد حیدرآباد دکن ہے۔ احیائے نظریہ پاکستان کی تحریک صرف پاکستان تک نہیں، پورے برصغیراور عالم میں پھیلے گی۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام متحدہ ہوں گے تو بھارت کے تیس کروڑ مسلمان آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ امریکہ اور بھارت اپنی انتقام کی آگ میں ڈوب کر پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ان کا واحد مقصد یہی ہے۔ سیمینار میں علماء کرام ، وکلائ، طلبہ اور اساتذہ تنظیموںکے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ حافظ سعید نے کہا امریکہ اور بھارت افغانستان کی جنگ کو پاکستان میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت تحریک آزادی کشمیر کی وجہ سے انتقام میں اندھا ہو چکا ہے۔
بھارت کی الیکشن مہم پاکستان دشمنی کی بنیاد پر چلائی گئی ہے: حافظ سعید
Apr 21, 2014