ملک بھر کے سرکاری و نجی بنکوں میں حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو گی

لاہور (خصوصی نامہ نگار + این این آئی) سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو گی۔ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بقایا 53ہزار849 نشستوں کیلئے درخواستیں جمع ہونے کے بعد مزید وصولی روک دی جائے گی، وزارت حج نے 2 ہزار 835 نشستیں ہارڈشپ کیسوں کیلئے مختص کی ہیں، درخواست فارم نامزد بینکوں کی مقررہ شاخوں سے بلا معاوضہ دستیا ب ہوں گے اور حج واجبات کی رقم کے ساتھ واپس ان ہی برانچوں میں جمع کروائے جائیں گے -بینک کسی ایک روزجمع کروائی جانے والے درخواستیں اسی تاریخ میں یا زیادہ سے زیادہ اگلے دن 11بجے تک وزارت مذہبی امور کے دفتر میں پہنچانے کے پابند ہوں گے- درخواستوں کے ساتھ کم از کم 31 مارچ2015ء تک کارآمد پاسپورٹ یا پاسپورٹ بنوانے کے لئے جمع کروائی جانے والے درخواست کی رسیدمنسلک کرنا ضروری ہے -اس کے علاوہ مقررہ خانے میں درخواست دہندہ کا بلڈ گروپ ‘کسی رشتے دار یا عزیز کو نامزد کر کے اس کا نام اور رابطہ نمبر ‘ عورتوں کے لئے محرم اور معذور افراد کے لئے معاون کا ساتھ ہونا اور حج سائز کی 12تصاویر جمع کروانا ضروری ہے -حج درخواست فارم دو‘ تین اور زیادہ سے زیادہ 25افراد کے گروپ کی شکل میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ این این آئی  کے مطابق گزشتہ پانچ برس  کے دوران  حج ادا  کرنیوالے  شخص  کو  رواں  سال حج پر  نہیں بھجوایا جائے گا تاہم  محرم اور   حج بدل کرنیوالے  اس شرط سے مستثنیٰ  ہونگے۔  وفاقی وزیر مذہبی  امور  سردار  یوسف  نے بتایا کہ رواں سال کسی شخص کو بھی  مفت  حج نہیں کرایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن