دیوگھر (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع دیوگھر میں پولیس سٹیشن موہن پور نے بی جے پی کے انتہاپسند رہنما گرے راج سنگھ کے خلاف متنازعہ تقریر جس میں انہوں نے نریندر مودی کے مخالفوں کو پاکستان چلے جانے کو کہا تھا، پر مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم گرے راج کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ادھر گرے راج نے مقدمے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں کہ ہمارے لیڈر نریندر مودی کے مخالفوں کیلئے بھارت میں کوئی جگہ نہیں، وہ پاکستان چلے جائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی ممالک نریندر مودی کو بھارت کا وزیراعظم بننے سے روکنے کی کوششیں کررہے ہیں اور پاکستان ان میں سرفہرست ہے۔ پاکستان مودی کا راستہ روکنے کیلئے اپنے تمام ہتھکنڈے اختیار کررہا ہے اور بھارت میں کچھ سیاستدان اس کی ایما پر مودی مخالف مہم چلا رہے ہیں ۔ ادھر بی جے پی کی ترجمان نرملا تیھارامن نے نئی دہلی میں کہا کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے گرے راج کشور کے بیان پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔