لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ والٹن فلائی اوور کا منصوبہ صرف 2ماہ کی قلیل مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ انتہائی تیزرفتاری اور شفاف انداز سے مکمل کیا گیا ہے جس سے پانچ ارب روپے سے زائد مالیت کے ایندھن کی سالانہ بچت ہوگی۔ یہ منصوبہ فیروز پور روڈ کو سگنل فری بنانے کے پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ مستقبل میں بھی صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کو عوام کی سہولت کیلئے برق رفتاری، اعلیٰ معیار اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ وہ والٹن فلائی اوور کا افتتا ح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے شہبازشریف کو والٹن فلائی اوور کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کر کے والٹن فلائی اوور کے منصوبے کا افتتاح کیا او ر دعا مانگی۔ شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیروز پور روڈ کو سگنل فری بنانے کے عوا می منصوبے کا پہلا مرحلہ والٹن سے فیروز پور روڈ تک اس فلائی اوور کی تعمیر سے مکمل ہوگیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے یہ منصوبہ جولائی میں مکمل ہونا ہے تاہم جس تیز رفتاری کے سا تھ منصوبے پر کام ہورہا ہے مجھے امید ہے کہ یہ پراجیکٹ جون میں مکمل ہو جائے گا جس سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ عام ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور فیروز پور روڈ سگنل فری ہونے سے وقت کے ساتھ وسائل کی بچت ہوگی۔ جنرل ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال جانے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں کو سہولت ملے گی۔ 70کروڑ روپے کی لاگت سے 872میٹر طویل والٹن فلائی اوور صرف 62روز میں مکمل کرنا سیاسی لیڈر شپ اور منصوبے پر کام کرنے والے اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ وقت ایک دولت ہے جسے کسی صورت بھی ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، ہمیں قومی جذبے کے ساتھ عوامی اہمیت کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اور توانائی کے منصوبوں کو بھی جلد مکمل کریں گے۔ والٹن فلائی اوور کے منصوبے کی قلیل مدت میں تکمیل پنجاب حکومت کے اسی عزم اور پختہ ارادوں کی بھر پورعکاس ہے۔ اس فلائی اوور کو 62 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے ، اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں یہ اللہ تعالیٰ کا بے پایاں فضل اور مہر بانی ہے۔ ابھی پہلا فیز مکمل ہوا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ انشاء اللہ تعالیٰ جون تک مکمل ہو جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے اپنے سابق دور میں 4ماہ کی مدت میں کلمہ چوک کا منصوبہ مکمل کیا تھا جبکہ 11 ماہ میں میٹروبس جیسا شاہکار پراجیکٹ عوام کی سہولت کے لئے کھول دیا گیا تھا۔ بلاشبہ والٹن فلائی اوور کی معیاری اور کم مدت میں تکمیل کا سہرا اس علاقے کے اراکین اسمبلی رمضان صدیق بھٹی، میاں نصیر، وائس چیئرمین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان، متعلقہ اداروں، ڈی جی ایل ڈی اے، ٹھیکیداروں، چیئرمین نیسپاک، چیئرمین پیسپاک اور دیگر افسروں کو جاتا ہے جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات ایک کیا۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور، چیف ٹریفک آفیسر اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام افسران کی منصوبے کی قلیل مدت میں تکمیل کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں اور یہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف گزشتہ روز قینچی امرسدھو کے علاقے گرین کالونی میں اپنے ڈرائیور امجد سیفی کے گھر گئے اور امجد سیفی کے اہل خانہ کو بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے معروف نعت گو اور شاعر حمید صابری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
والٹن فلائی اوور کا افتتاح‘ پانچ ارب سے زائد کے ایندھن کی سالانہ بچت ہو گی : شہباز شریف
Apr 21, 2014