استاد ایک رول ماڈل، قوم کی نسل کو سنوارتا ہے: ڈی سی او مظفر گڑھ

Apr 21, 2015

مظفر گڑھ (نامہ نگار) جس طرح پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے اساتذہ بھی ہماری نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ ہمارا مستقبل اساتذہ کے ہاتھوں میں ہے، آج کے استاد نے ہی قوم کی نسل کو سنوارنا ہے۔ یہ بات ڈی سی او مظفر گڑھ شوکت علی نے نئے بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کو تقرری نامے تقسیم کرنے کی ایک تقریب میں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی احمد کریم قسور لنگڑیال، میاں محمد عمران قریشی، احمد یار ہنجرا، خان محمد جتوئی بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے کہا کہ استاد ایک رول ماڈل ہے مہذب معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی ہونے والے اساتذہ کا انتخاب 100 فیصد میرٹ پر کیا گیا ہے۔ اب آپ نے اپنے کردار اور عمل سے اس میرٹ کا حق ادا کرنا ہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ آپ کا انتخاب حکومت کا صحیح اقدام ہے۔ ڈی سی او نے کہا کہ شعبہ تدریس انبیاءکرام کی وراثت ہے آپ نے اس پلیٹ فارم سے ملک و قوم اور معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مشن ”پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب“ کو آگے بڑھانا ہے۔ قبل ازیں ای ڈی او تعلیم شمشیر خان نے اپنے خطاب میں کہا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ساری بھرتی سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہے اور ابتدائی مرحلے میں ان سکولوں میں ایجوکیٹرز بھرتی کئے گئے ہیں جو سنگل ٹیچر سکول ہیں۔ بعد ازاں ممبران صوبائی اسمبلی احمد یار ہنجرا، احمد قسور کریم لنگڑیال، خان محمد جتوئی، میاں علمدار قریشی اور ڈی سی او نے ایجوکیٹرز میں تقررنامے تقسیم کئے۔
ڈی سی او مظفر گڑھ

مزیدخبریں