رینالہ: مزارعین اور انتظامیہ میں اختلافات ختم، مصالحتی یادداشت پر دستخط

Apr 21, 2016

رینالہ خورد (نمائندہ خصوصی) مزارعین اور انتظامیہ کے درمیان 16سال سے جاری اختلافات ختم ہو گئے، مصالحتی یادداشت پر فریقین نے دستخط کر دیئے اور فریقین نے آئندہ افہام و تفہیم کیساتھ چلنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ مزارعین نے ڈی پی او کے حق میں نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایمونٹ آفس کے لان میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مزارعین کے دیہاتوں کے سینکروں افراد نے شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران ،ڈی سی اواوکاڑہ سقراط امان رانا ،ڈی پی او اوکاڑہ محمد فیصل رانا ودیگران نے خصوصی طور پر شرکت کی تقریب سے انجمن مزارعین کے صدر دل محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں کے بہتر مستقبل ،ملک پاکستان کی بہتری کیلئے حکومت کیساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور انتظامیہ کیساتھ شانہ بشانہ کام کرکے نئی ترقی کی راہیں کھولیں گے ،ڈی سی او سقراط امان رانا نے کہا کہ حکومت اور مزارعین میں کامیاب مزاکرات تاریخ کا اہم کارنامہ ہے ۔مزارعین کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی سطح پر ڈیسک قائم کردیئے گئے ہیں جہاں پر انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ڈی پی او محمد فیصل رانا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزارعین ہمارے بھائی ہیں نہ ان سے زمینیں چھینی جائیں گی اور نہ ہی کوئی دوسرا راستہ اختیار کیا جائیگا تاہم جرائم پیشہ اور مجرموں کو ہرگز معافی نہیں دی جائیگی، ڈی پی او آفس میں مزارعین کیلئے میرے دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ان پر قائم مقدمات کو میرٹ کی بنیاد پت تین چار روز کے اندر اندر حل کردیا جائیگا۔ تقریب میں کرنل (ر) امجد، حبیب وکی، پیر نور اللہ بودلہ،ملک محمد عمران، کنول نظام بھٹو، انعام الحق، مہر محمد یوسف کے علاوہ سینکڑوں مزارعین نے شرکت کی۔ آخر میں مزارعین اور انتظامیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر صدر انجمن مزارعین دل محمد اور انتطامیہ نے دستخط کئے۔

مزیدخبریں