اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تجارت و انسداد دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے روس کیلئے پاکستان کے نئے سفیر قاضی ایم خلیل اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا جنہوں نے گزشتہ روز صدر روس کو اپنی اسناد سفارت کریملن میں پیش کیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سطح پر پاک روس تعلقات اور تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کلیدی نوعیت کے عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان اور روس کا یکسان نکتہ نظر ہے۔ قاضی ایم خلیل اللہ نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے صدر پیوٹن کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچاتے ہوئے روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر پیوٹن کے رواں دور صدارت میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے اور پہلی بار روس نے بھارتی دبائو سے نکلتے ہوئے پاکستان کو اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کی فراہمی پر عائد پابندیاں اٹھا لی ہیں جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کا معاہدہ ہوا اور متعدد دیگر معاہدے زیرتکمیل ہیں۔
پاکستان کیساتھ انسداد دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینگے: روسی صدر
Apr 21, 2016