عمران فاروق قتل کیس: ملزموں کی رہائی سے متعلق درخواستوں میں وزن نہیں: عدالت

اسلام آباد+کراچی (صباح نیوز+خصوصی رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کی رہائی سے متعلق درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے تین صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ملزم معظم علی، خالد شمیم اور سید محسن علی کی رہائی سے متعلق درخواستوں میں کوئی وزن نہیں ہے، جبکہ ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرنے سے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔عدالتی فیصلے کے مطابق مقدمے کی حساس نوعیت کے باعث جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے۔ چالان جمع نہ ہونے کے باعث ابھی تک ٹرائل کا آغاز نہیں ہو سکا، جبکہ تفتیشی افسر کے مطابق شواہد سمیت متعدد دستاویزات کے حصول کے لیے برطانیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر پاکستان آنے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا برطانوی حکومت نے اس سلسلے میں پاکستان سے باضابطہ رابطہ بھی کیا ہے جس میں برطانوی حکومت کا کہنا تھا سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کیلئے پاکستان آنا چاہتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن