اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ علاقائی ممالک کو دیرینہ تنازعات طے کرنے کیلئے تعاون مضبوط کرنا ہو گا، دہشت گردی سے جامع انداز میں نمٹنے کیلئے علاقائی تعاون بے حد ضروری ہے، افغان مسائل کو سیاسی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر نکولس کارٹر سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور افغانستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغانستان میں دیرپا امن اور علاقائی استحکام کیلئے مل کرکام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مشیر قومی سلامتی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں سے سر نکولس کارٹر کو آگاہ کیا، برطانوی جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان، پاکستانی عوام اور فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کیلئے پاک فوج کی کوششیں بہت اہم ہیں۔