نئی دہلی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی رشتہ دار لڑکی سے شادی کی خواہش بھارتی نوجوان کو مہنگی پڑ گئی۔ رام پور کے ٹی وی مکینک محمد جاوید کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستانی ایجنٹ قرار دیکر اٹھا لیا اور کئی ماہ اذیتیں دینے کے بعد دہشت گردی کے مقدمے میں 12برس کیلئے جیل میں بند کرا دیا۔ محمد جاوید عدالت سے بے گناہ قرار دئیے جانے کے بعد 2برس قبل بری ہوا۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستانی لڑکی مبینہ انکی رشتہ دار تھی جس سے وہ کراچی میں ملے تھے جاوید اپنی والدہ کے ہمراہ رشتہ داروں سے ملنے کراچی گئے تھے وہاں جاوید اور مبینہ ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔ رشتے کی بات چلی اس دوران جاوید واپس رامپور آ گئے انہیں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے 3اہلکاروں نے جو سادہ لباس میں تھے ٹی وی ٹھیک کرانے کے بہانے کار میں ڈال لیا اور اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے اور کئی ماہ مارتے پیٹتے رہے۔ جاوید نے بتایا کہ اس نے مبینہ کو ذہن سے بڑی مشکل سے ہٹایا ہے مگر دل سے نہیں نکال پایا۔ میں عاشق تھا مگر بھارتی ایجنسیوں نے مجھے پاکستانی ایجنٹ بنا دیا۔