ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا وزیراعظم نوازشریف نے اس معاملہ پر امریکی حکومت کو خط لکھا ہے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز

Apr 21, 2017

اسلام آباد(وقائع نگار + آن لائن) چیئرمین سینٹ کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کے متعلق ضمنی سوال نہ کرنے کی اجازت دینے پر جمعیت علماء اسلام (ف) نے سینٹ میں شدید احتجاج کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے امریکہ کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا وزیراعظم نوازشریف نے اس معاملہ پر امریکی حکومت کو خط لکھا ہے۔ اس دوران جے یو آئی(ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے چیئرمین سینیٹ سے سوال کی اجازت مانگی، اجازت نہ ملنے پر انہوں نے شدید احتجاج کیا اور کہا جناب چیئرمین آپ ایوان بالا میں صرف اپنی عزت چاہتے ہیں کسی اور کی عزت کا لحاظ نہیں کرتے جس پر انہوں نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے سفارتی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کا امریکہ کے ساتھ مجرموں کے تبادلہ کا معاہدہ موجود ہے۔ جونہی سفارت خانہ کو کسی پاکستانی شہری کی حراست کی اطلاع دی جاتی ہے، فوری طور پر قونصلر کی سطح پر رسائی کے لئے رجوع کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا عافیہ صدیقی کو قونصلر کی سطح پر رسائی کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کرنل (ر) حبیب ظاہر کی بازیابی کے لئے نیپال کی حکومت کے ساتھ مل کر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حبیب ظاہر کو کھٹمنڈو ایئر پورٹ پر لینے کے لئے آنے والے اور ہوٹل میں ٹھہرانے والے تمام افراد کا تعلق بھارت سے ہے۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں سرتاج عزیز نے بتایا تمام پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت کی گئی ہے وہ ہفتہ وار بنیاد پر متعلقہ حکومتوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کریں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اپنے بیانات سوشل میڈیا اور پریس بریفنگز کے دوران بھارتی مظالم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا دورہ کرنے والی غیر ملکی شخصیات کو بھی جموں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اسلامی کانفرنس کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے اس موقع پر بتایا مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اس کے علاوہ او آئی سی کے ایک 9 رکنی وفد نے بھی آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور اس حوالے سے معلومات حاصل کیں لیکن بھارت نے اس وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورہ کی اجازت نہیں دی۔ ناروے کے سابق وزیراعظم نے بھی اپنے دورہ کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور اس مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا زرعی شعبے کی ترقی کے لئے فنڈز بڑھائے بغیر پیداوار میں اضافہ نہیں ہو سکتا۔ صوبوں کو بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔وزیرپارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا اسلام آباد لاہور موٹر وے ایم ٹو کی مرمت کا کام اگلے بیس سال کیلئے ایف ڈبلیو اوکے سپرد کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم ہنرمند نوجوان پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کوتجارتی تربیت دی جائیگی۔ وقائع نگار کے مطابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بجلی کی قیمت کم ہے، فرنس آئل پر چلنے والے بجلی گھر کوئلہ اور گیس پر منتقل کئے جا رہے ہیں، مہنگے بجلی گھر لگانے کا تاثر درست نہیں۔ تین ہزار میگاواٹ کے بجلی گھروں کی مرمت کا کام رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بتدریج کم ہو جائے گا۔ ایوان بالا میں سینیٹر محسن عزیز کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا ماضی میں ان دنوں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوا کرتی تھی،اس کے مقابلے میں اب بہت کم ہے۔ پچھلے سال طلب بڑھنے کے باوجود ہم بجلی کی پیداوار ایک دن میں بلند ترین سطح 17600 میگاواٹ تک لے گئے۔ انہوں نے کہا ملک میں سستے ترین بجلی گھر لگائے جا رہے ہیں اور ایک بھی ایسا بجلی گھر نہیں لگایا جو مہنگا ہو۔

سینٹ

مزیدخبریں