اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کا فیصلہ سنتے ہوئےتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان مسلسل تسبیح کرتے رہے۔ شیخ رشید کالا چشمہ پہن کر کمرہ عدالت میں داخل ہوئے جبکہ فیصلہ سنتے ہی عمران خان فاتحانہ انداز میں باہر نکلنے لگے تو بابر اعوان نے روک کر فیصلہ سمجھایا جس پر عمران خان کچھ مایوس ہوگئے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ سننے کےلیے کمرہ عدالت مسلم لیگ ن، تحریک انصاف رہنما، وکلائ اورمیڈیا نمائندوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ عمران خان شیخ رشید اور سراج الحق کے لیے پہلے نشستیں بک کرکے کارکنان کو بٹھادیا گیا تھا دن ایک بجے کمرہ عدالت جب کھولا گیا تو شیریں مزاری تیزی سے سب سے پہلے کمرہ عدالت پہنچیں۔ فاضل بنچ نے فیصلہ سنانا شروع کیا تو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کھڑے ہوگئے لیکن جب فیصلہ کی مختصر تفصیل بتائی گئی تو خان صاحب بیٹھ گئے لیکن مسلسل تسبیح کرتے رہے۔ فاضل جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جب اختلافی نوٹ پڑھ کر سنایا تو کمرہ عدالت میں موجود تحریک انصاف کے کارکنان نے اسے متفقہ فیصلہ سمجھا عمران خان فاتحانہ انداز میں عدالت سے نکلنے لگے تو سابق وزیرقانون بابر اعوان نے روک کر بتایا کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ دینے والے ججز اقلیت میں ہیں جبکہ اکثریتی فیصلے کے مطابق نواز شریف نااہل نہیں ہیں جس پر عمران خان تھوڑا مایوس کر تیزی سے عدالت سے نکل گئے۔