اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ ایجنسیاں) نیب نے سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی۔ مشرف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری ہو گی۔ مونس الٰہی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ نیب نے کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیع کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ نیب نے سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ عبداللہ یوسف کے خلاف پانامہ میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ نیب نے وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اکرم درانی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزموں پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ سابق ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن و دیگر کیخلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر شکرپڑیاں کلچرل کمپلیکس کی تعمیر میں کرپشن کا الزام ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب، ایف بی آر افسران اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر بدعنوانی اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ جہانگیر صدیقی کیخلاف سرمایہ کاری میں خوردبرد کے الزام کی انکوائری کا حکم دیا گیا۔ حصص کی قیمتوں میں ردو بدل پر صدر پنجاب بنک نعیم الدین خان اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ چیف مکینیکل انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ریلوے و دیگر کیخلاف بھی انکوئری کی منظوری دی گئی۔ عدنان شفیع و دیگر پر کوئلہ منتقلی کیلئے 1405 لیویز ویگنیں خریدنے کا الزام ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کیخلاف آف شور کمپنی بنانے، کرپشن الزام کی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ سابق ایڈیشنل آئی جی بلوچستان ڈاکٹر مجیب الرحمن کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ ڈاکٹر مجیب الرحمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے‘ سرکاری فنڈز میں خوردبرد کے الزامات ہیں۔ جمیل احمد خان ایم ڈی/ سی ای او پی ایچ اے فاﺅنڈیشن، ظفر یاب خان، کمپنی سیکرٹری اور دیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پی ایچ اے فاﺅنڈیشن کی کری روڈ ، آئی12، آئی 16اسلام آباد میں مساجد کیلئے مختص کردہ جگہ غیرقانونی طور پر من پسند افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز عمیر سٹیل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کے ڈائریکٹر اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے طارق جاوید ، مخدوم عمر شہریار اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مشتبہ رقوم کی منتقلی کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ڈاکٹر محمد اسحاق فانی سابق ڈائریکٹر فاصلاتی تعلیم بہائالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے حبیب وقاص، الیاس مہراج اور میسرز ہیلنبیل لمیٹڈ بیہیماس کے مالکان اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے مونس الٰہی سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے علیم خان ہیکسیم انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈکے مالک اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عبداللہ یوسف اور دیگر کے خلاف پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور مبینہ طور پر بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عابد جاوید اکبر سابق چیئرمین این آئی سی ایل، ایف ڈی بی آئی ایل کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایف ڈی بی آئی ایل میں 100ملین روپے سرمایہ کاری کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو67.056ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل بینک آف پاکستان بحرین برانچ کے افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے محمد قاسم اور لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے افسران/ اہلکاران اوردیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین کو غیرقانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے غلام محمد قریشی سابق ڈی جی پاکستان ریلوے کے خلاف آمدن سے مبینہ طور پر زائد اثاثے بنانے کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے جہانگیر صدیقی، سندھ سوشل ریلیف فنڈ کے افسران اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر سندھ سوشل ریلیف فنڈ میں3 ارب روپے کی سرمایہ کاری میں خورد برد کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ایبٹ آباد انٹرنیشنل ہسپتال ایبٹ آبادکی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر عوام سے دھوکہ دہی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پروونشل ہاﺅسنگ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے افسران اور اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پی ایچ اے خیبر پختونخوا کے افسران اور اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر جلوزئی ہاﺅسنگ سکیم نوشہرہ میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے مختص فنڈز میں خوردبرد کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو795.6ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے محکمہ صحت کوئٹہ کے حکام اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیئرمین لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عامر زیب جتوئی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کا ناجائز استعمال اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے منیر احمد، نعیم خان، صنم اور سندھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مشتبہ رقوم کی منتقلی کا الزام ہے، یہ کیس سٹیٹ بینک کی جانب سے نیب کو بھیجا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے محمد شریف مغیری ایکسیئن محکمہ آبپاشی جیکب آباد اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے انور علی سیال ڈائریکٹر سیڈا گھوٹکی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرغیر قانونی بھرتیوں،سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی ایک لعنت ہے جس کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ یقین دلاتا ہوں تمام سیاستدان قابل عزت ہیں۔ نیب کی تمام کارروائیاں حقائق، شواہد اور قانون کے مطابق ہیں۔ جس کا ٹھوس جواز موجود ہے۔ کسی سیاستدان کی کردار کشی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ بدعنوانی پر کارروائی ہرگز کردار کشی کے مترادف نہیں۔ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ نیب ”احتساب سب کیلئے“ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان کے عوام سے ہے۔
نیب / انکوائری