لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی منتخب ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین پرفارمنس پر فواد عالم اور وہاب ریاض کو ڈراپ کرنا سلیکشن کمیٹی کی نا اہلی ہے۔ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین پرفارم کرنے والے فواد عالم اور وہاب ریاض کو نظر انداز کرنا اور ناتجربہ کار رشتہ دار امام الحق کو شامل کرنا حیران کن ہے۔لیجنڈری بلے باز یونس خان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بے توقیری پر بھی سابق فاسٹ بولر خوب گرجے کہ بورڈ حکام کا یہ رویہ انتہائی شرمناک ہے۔سرفراز نواز نے جسٹس قیوم کے سزا یافتہ کرکٹر کو اہم ذمہ داریاں دینے، سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں اڑانے کو آڑے ہاتھوں لیا اور ساتھ ہی انتظامی خرابیوں پر چیئرمین نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر دیا۔