دائرہ دین پناہ(نامہ نگار) 13سالہ خانہ بدوش یتیم لڑکی 2لاکھ میں فروخت، والدہ نے نشہ آور مشروب پلاکر کاغذات پر زبردستی انگوٹھے لگوا لئے، لڑکی پشاور سے بھاگ کر دائرہ دین پناہ میں مقیم خانہ بدوش ماموں کے پاس پہنچ گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس نے لڑکی کوحراست میں لے لیا، لڑکی کا واپس پشاور جانے سے انکار، پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کرلی۔ تفصیل کے مطابق 13سالہ خانہ بدوش یتیم لڑکی شانوبی بی کواسکی والدہ پروین بی بی نے کچھ عرصہ قبل2لاکھ کے عوض پشاورکے رہائشی معروف سمگلر غلام عباس کو فروخت کر دیا جبکہ15دن قبل نشہ آور مشروب پلاکر زبردستی نکاح فارم اور دیگرکاغذات پرانگوٹھے لگوا کر رخصتی کردی، متاثرہ لڑکی کے مطابق غلام عباس مجھے رقم کے عوض دیگر لوگوں سے غلط کام پر مجبورکرتا جسکی وجہ سے وہ بھاگ کر دائرہ دین پناہ میں مقیم ماموں عبدالکریم کے پاس پہنچ گئی پولیس نے اطلاع ملتے ہی لڑکی کی والدہ پروین، ماموں عبدالکریم اور متاثرہ لڑکی کو حراست میں لے لیا اور ابتدائی رپورٹ درج کرکے عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کرلی۔