لاہور (خصوصی نامہ نگار) یونین کونسل 12 قاضی پارک شاہدرہ ٹائون میں نئی بچھائی جانے والی واٹر سپلائی لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی۔ جس سے شہریوں کو پینے کے پانی میں گندا پانی ملنے کا خدشہ ہے۔ تفصیل کے مطابق یوسی 12 قاضی پارک میں ڈائریکٹر واسا اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے واٹرسپلائی لائن بچھانے میں غفلت ولاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا اور ٹوٹی اور نامکمل واٹر سپلائی لائن بچھا کر اوپر مٹی ڈال دی گئی جبکہ کاغذوں میں کام مکمل کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ابھی تو مین واٹر سپلائی لائن سے گلیوں کو بھی کنکشن نہیں دیئے گئے اور نہ ہی گلیوں میں واٹرسپلائی کو جوائنٹ کرنے کیلئے پائپ بچھائے گئے ہیں۔ مین واٹر سپلائی لائن جگہ جگہ ٹوٹنے کی وجہ سے اس میں سیوریج کا گندا پانی شامل ہوسکتا ہے جس سے موذی امراض پھیل سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں یوسی 12 کے وائس چیئرمین احسان خان سے بھی کئی بار شکایت کی گئی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہ ہوسکی اور نہ ہی کوئی ایکشن لیا گیا ۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے صاف پانی میں غفلت برتنے پر ٹھیکیدار اور متعلقہ واسا افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور نامکمل واٹرسپلائی لائن کو مکمل کیا جائے۔
قاضی پارک کی نئی واٹرسپلائی لائن افتتاح سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار
Apr 21, 2018