فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد کیمپس میں شعبہ اردو کے زیر اہتمام شش ماہی ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارمیں ڈاکٹر تبسم کاشمیری نے’’ادبی تاریخ نویسی اور مطالعہ تاریخ ادب‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادبی مورخ کو سماجی ،سیاسی، معاشی سمیت ہر میدان سے گزرنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر ریاض قدیر نے’’تنقید کیا ہے ؟ اچھی تنقید کیسے کی جائے‘‘ کے موضوع پر اپنے لیکچر میں کہا کہ تنقیدکاعمل یک رخا نہیں اسکے لیے تخلیقی دماغ کے ساتھ ذوق جمال بھی ضروری ہے۔ڈاکٹر عبدالکریم خالد نے’’ادب کیا ہے؟مطالعہ ادب کیوں ضروری ہے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب دراصل انسانی متخیلہ کا تخلیقی اظہار ہے۔صدر شعبہ اردو ڈاکٹر عرفان پاشا نے سیمینار کے مقالہ نگاروں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اورپرنسپل ڈاکٹر میاں حبیب الرحمن نے معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔