لاہور ( سپیشل رپورٹر) کرپشن فری واسا اور کرپشن فری پاکستان کے عنوان سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں کی قیادت میں واسا ہیڈ آفس سے مین مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سینیٹر ولید اقبال اوروائس چئیرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے کی۔ ریلی میں وائس چئیرمین ایل ڈی اے شیخ عمران منیر، عبداللہ ملک، ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی عابد میر، ایم پی اے سعدیہ سہیل، آمنہ اُلفت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاںشخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے۔ سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے اور پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔جب کرپٹ لوگ پکڑے جاتے ہیں اور ان کے گردگھیرا تنگ ہوتا ہے تو جمہوریت خطرے میںپڑ جاتی ہے لیکن یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کا پروپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نوسرباز سیاستدانوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ ملک کو زبوں حال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔