اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ شام بنی گالہ میں سرکاری و نجی ٹی وی چینلز پر پی ٹی آئی کی ترجمانی کیلئے شرکت کرنے والے پارٹی رہنمائوں کا اجلاس منعقد کیا جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں غربت کے خاتمے ، قانون کی حکمرانی ، عام آدمی کو زندگی کی سہولتیں فراہم کرنے سمیت جو اقدامات کر رہی ہے انہیں ٹاک شوز میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے اپوزیشن کے جو نمائندے ٹاک شوز میں تنقید اورجھوٹے الزامات لگاتے ہیں اور حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہیں انہیں بھرپور جواب ملنا چاہئے اسد عمر اچھے آدمی ہیں اگر کابینہ میں ہوں گے تو اس کا حکومت کا فائدہ ہے انہیں کابینہ میں واپس آنے کا کہیں گے مشیر خزانہ حفیظ شیخ منجھے ہوئے اور بیرونی سطح پر معیشت میں تجربہ رکھتے ہیں معاشی پالیسیاں عوام کے سامنے زیادہ سے زیادہ اجاگر ہونی چاہئیں صحت اور تعلیم میں انقلاب لا رہے ہیں اس حوالے سے بھی پارٹی کی ترجمانی کرنے والے پوری تیاری کیا کریں مشیر صحت ڈاکٹر ظفراللہ سے کہا ہے کہ اپنی وزارت میں کرپشن ختم کرنے اور اس کی مانیٹرنگ کیلئے سیل بنائیں ادویات کی قیمتیں غیر معمولی کم سطح پر لانے پر توجہ دیں اگر ادویات کی قیمتیں ہی300 گنا بڑھ جائیں تو باقی کیا بچتا ہے اجلاس میں مشیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ ،وفاقی وزراء شیخ رشید احمد ،عمر ایوب خان ،مراد سعید ، علی زیدی ، خسرو بختیار ،حماد اظہر ، فیصل واوڈا ، مشیر نیب امور بیرسٹر شہزاد اکبر ، مشیر میڈیا یوسف بیگ مرزا ، مشیر سی ڈی اے امورعلی نواز اعوان ، ندیم افضل چن ، زرتاج گل ، عثمان ڈار نے شرکت کی وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں سے کہا کہ عاجزی ، خدمت اور عوام سے رابطہ میری حکومت کی ترجیح ہے ہم نے کفائت شعاری کو مثال بنایا ہے ہم نے عوام میں رہنا ہے اور پانچ سال بعد بھی عوام کے پاس ہی جانا ہے پنجاب میں عثمان بزدار اور کے پی کے میں محمود خان اپنی وزارت اعلیٰ چلا رہے ہیں پارٹی کارکردگی کے لحاظ سے سب پر نگاہ رکھتی ہے جو بھی عوام کی خدمات اور توقعات کے مطابق کام نہیں کرے گا میں کابینہ میں اسے ہٹانے میں دیر نہیں لگائوں گا وزیر اعظم نے پنجاب اور کے پی کے کے وزرائے اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اپنا کام جاری رکھیں گے اجلاس میں عمران خان نے مشیر صحت ڈاکٹر ظفراللہ کا پارٹی ترجمانوں سے تعارف بھی کرایا اور صحت کے شعبے میں ان کے تجربات بھی بتائے اور کہا کہ ان سے مجھے اچھے کام کی توقع ہے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا تعارف کراتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ اہل اور قابل معیشت دان ہیں انہوں نے ماضی میں بھی ملکی معیشت کو دبائو سے نکالا ہے وہ معیشت کے امور میں دسترس کے حامل ہیں انہیں عالمی معاشیات کا بھی تجربہ ہے ہماری مثبت پالیسیوں سے جلد ملک معاشی مسائل سے باہر نکل آئے گاتحریک انصاف اپنی معاشی پالیسیوں کو عوام کیلئے آسانی کیلئے مدنظر رکھتی ہے مسلم لیگ ن کے دور میں اسحٰق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کیا لیکن اسے تبدیل نہیں کیا گیا جبکہ ہمارے سامنے معاشی بدحالی سابق حکمران چھوڑ کر گئے تھے لیکن عوام کے فائدے کیلئے ہم نے تبدیلی کی وزارت صحت سے عامر کیانی کو سبکدوش کرنے کی وجہ عوام پر ادویات کی مہنگائی کا بوجھ ڈالنا بنی مشیر اپنی پروموشن کی بجائے عوام کی خدمت اور پارٹی کی نیک نامی پر توجہ مرکوز کریں عوام میں ہمارا امیج ہمہ وقت اچھا رہنا چاہئے کیونکہ عوام نے ہمیں بڑی توقعات سے حکومت میں بھیجا ہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کارکردگی کی وزیر اعظم نے تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی بڑی محنت سے کام کیا چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پارٹی ترجمان تحریک انصاف کو ملکی سیاسی عمل میں ایک ادارے کے طور پر اجاگر کریں جس نے کرپشن کے خلاف ، میرٹ ، شفافیت اور انصاف کی فراہمی کیلئے عوامی شعور کو جلاء بخشی اور عوام نے الیکشن میں تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا پارٹی کے ترجمان عوام کی حکومتی کارکردگی پر اعتماد سازی کریں اپوزیشن کے الٹے سیدھے الزامات کا ڈٹ کر ثبوتوں کے ساتھ جواب دیں تاکہ عوام جھوٹ اور سچ میں آسانی سے فرق کرلے ۔ فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ اور جمہوریت نہیں چل سکتیں، اپوزیشن کو پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں بنانا چاہیے، خواہش ہے اپوزیشن مثبت تجاویز پیش کرے، وزیر آعظم نے نئی معاشی ٹیم کو کچھ ٹارگٹ دیئے ہیں اور نئے معاون خصوصی خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو بااختیار بنایا گیا ہے اور مہنگائی کم کرنے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کو کہا ہے،انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، ہم یقینی بنا رہے ہیں کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں،اسد عمر کے متعلق سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ منایا اس کوجاتا ہے جو روٹھ جائے، اسد عمر ہمارے ساتھ ہیں اور جلد واپس آئیں گے، اسد عمر عمران خان کے ویژن کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ا جلاس ترجمانوں کی میٹنگ تھی اور فواد چوہدری نے بتا دیا تھا کہ وہ لاہور جا رہے ہیں، اگلے اجلاس میں فواد چوہدری بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان آج کوئٹہ جائیں گے،کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے اظہار تعزیت کے علاوہ ہاوسنگ منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے ، اس منصوبے کے تحت بلوچستان میں ایک لاکھ سے ذائد گھر تعمیر ہوں گے ،وزیراعظم بعد ازاں ایران کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو جائیںگے،وزیر اعظم تہران سے قبل مشہد میں رکیں گے،عمران خان ایران کے صدر اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ آئی سے بھی ملاقات کریں گے،ان ملاقاتوں میں دوطرفہ ایشوز کے علاوہ دہشت گردی کا ایشو بھی زیر غور آئے گا نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل پر رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔ مصروفیت یا ناراضی جن وزرائے کے قلمدان تبدیل کئے گئے وہ اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ ان میں اسد عمر، فواد چودھری، غلام سرور، عامر کیانی اور شہر یار آفریدی شامل ہیں۔ نجی ٹی کے مطابق وزیراعظم عمران نے اجلاس میں وفاقی اورصوبائی وزراء کی کارکردگی کا مانیٹرنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا وزیراعظم نے کہا کہ چاہے کوئی نیا ہو یا پرانا عوام کا احساس نہ کرنے والا کابینہ میں نہیں رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مجھے دونوں وزراء اعلیٰ پر اعتماد ہے ٹیم کو بھرپور ساتھ دینا چاہئے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبر پی کے کو مہذب اور شریفٰ قرار دیا اور کہا کہ کسی کو وزارتوں کا مستقل قلمدان نہیں دیا وزیر ، مشیر اپنی پروموشن نہیں عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دیں۔ پارٹی کا موقف مضبوط انداز میں قوم کے سامنے پیش کیا جائے ۔ فردوس عاشق نے کہا کہ عمر ایوب کو وزارت پٹرولیم کا اضافی چارج دیا جا رہا ہے اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ اور جمہوریت نہیں چل سکتی اپوزیشن کو بھی اپنا کردار ذمے داری کے ساتھ ادا کرنا چاہئے اپوزیشن کو پارلیمنٹ کو ہائی جیک نہیں کرنا چاہئے اپوزیشن مصالحت کو کمزوری نہ سمجھے ورنہ مسائل پیدا ہوں گے اپوزیشن کو مثبت تجاویز دینی چاہئیں۔ ہماری طرف سے اپوزیشن کو مکمل سپورٹ ملے گی وزیراعظم نے اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں این این آئی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک بحران کا شکار ہے۔ قابو پا لیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو اوپننگ بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اکنامک ٹیم کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ،عوام کے مسائل پر کوئی کمپرو مائز نہیں ہوگا ، اپوزیشن کے بغیر جمہوریت اور پارلیمنٹ نہیں چل سکتی ،اپوزیشن مثبت تجاویز دے،اگر اپوزیشن پارلیمنٹ کو ہائی جیک کریگی اور کوئی قانون سازی نہیں ہونے دی گی تو معاملات آگے نہیں چلیں گے۔
وزیر، مشیر اپنی پروموشن نہیں، عوام کو ریلیف دیں: عمران
Apr 21, 2019