لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال کا شناخت پریڈ کے بغیر ملزم کو نامزد کرنے پر اظہار برہمی۔ عدالت نے ایس پی انویسٹی گیشن صدر کو آج وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔ ملزم کومل شہزاد کی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ شناخت پریڈ کے بغیر ملزم کو مقدمے میں کیسے نامزد کر دیا؟ کیا مدعی کو خواب آیا تھا کہ اس کا ملزم پکڑا گیا ہے اور جیل میں ہے؟ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ میرے کہنے کے باوجود مدعی مقدمہ نے ملزم کی شناخت پریڈ سے انکار کر دیا۔ فاضل عدالت نے کہا کہ اگر مدعی نے انکار کر دیا تھا تو تم ملزم کو جیل بھجوا دیتے، ضمنیاں نہ لکھتے اسی مس کنڈکٹ تمہیں نوکری سے برطرف کر دینا چا ہئے، ملزم کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس نے ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا، ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر کارروائی آج بروز منگل تک ملتوی کرتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن صدر کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔
شناخت پریڈ کے بغیر ملزم کی نامزدگی: ہائیکورٹ کی پولیس تفتیشی افسر پر سخت برہمی
Apr 21, 2020