راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک سے قبل ذخیرہ اندوزی ،گرانفروشی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف کاروائیاں تیز کرتے ہوئے ضلع بھر میں611مقامات پر چھاپوں کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب82دکانداروں کومجموعی طور پر1لاکھ 21ہزار روپے جرمانہ کردیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خور کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خورد و نوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی کو بھی کرنے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی جو دکاندار ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کر رہے ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور راولپنڈی شہر سمیت دیگر تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس اپنے علاقوں میں یومیہ بنیادوں پرناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں جس کے تحت گزشتہ روز 611 مقامات پر چھاپے مار کر 82 دکانداروں کو مجموعی طور پر1 لاکھ 21 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔