وائٹ ہاؤس ریاستی گورنروں کی اپیل پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے سامان مہیا کرے گا

Apr 21, 2020 | 11:17

ویب ڈیسک

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گورنروں کی اپیل پر بعد از خرابیِ بسیار کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کے لیے ریاستوں کو طبی سامان وآلات مہیا کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلے میں نائب صدر مائیک پینس آج سوموار کو ریاستی گورنروں سے ایک کانفرنس کرنے والے تھے۔اس میں صدر ٹرمپ کے بہ قول کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

امریکی حکام اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے خاتمے اور کاروباروں کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ٹیسٹ کے نظام کو مؤثر بنایا جائے۔

امریکا کے وبائی امراض کے بڑے ماہر اور وائٹ ہاؤس کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ اس وقت ہر ہفتے پندرہ سے بیس لاکھ تک کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں لیکن ہمیں اس سے دُگنا یا تین گنا زیادہ ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاس اس وقت معمول کے حالات کی بحالی کی جانب پیش رفت کے لیے کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کی کافی صلاحیت موجود ہے اور اگر ملک کی تمام ریاستیں اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں تو وہ دُگنا سے زیادہ ٹیسٹ کرسکتی ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو نیوزکانفرنس میں کہا تھا کہ ریاستوں میں ان کے پاس بہت زیادہ مشینری موجود ہے لیکن ان میں سے بعض اس سے آگاہ نہیں ہیں۔

لیکن امریکا کی ریاستوں کے گورنر صاحبان گذشتہ کئی ہفتوں سے یہ شکایت کررہے ہیں کہ ان کے پاس کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا سامان موجود نہیں اور وہ وفاق کی امداد کے بغیر یہ کام نہیں کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں