لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو لاہور نے کہا ہے اگر شہباز شریف اب بھی پیش نہ ہوئے تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ نیب حکام نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں جاری تحقیقات کے حوالے سے انہیں 17اپریل کو ذاتی حیثیت میں نیب انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے لئے ادارے کی پالیسی کے تحت انہیں باقاعدہ مفصل سوالنامہ بھی ارسال کیا گیا تھا۔ نیب لاہور کو مذکورہ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ان سے مفصل و جامع جوابات درکار ہیں کیونکہ انکے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں تاہم قومی ادارے کو انکی جانب سے تحقیقات میں تاحال عدم تعاون کا سامنا ہے۔ نیب لاہور میں 17 اپریل کو پیش نہ ہونے اور کرونا وباء کا عذر پیش کرنے کی صورت میں نیب لاہور کی جانب سے انہیں دوبارہ 22 اپریل دن 12بجے نیب تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا گیا ہے اور انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ انکی نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے جن میں سوشل ڈسٹینسنگ (Social Distancing)، ماسک و سینیٹائزر کا استعمال شامل ہو گا اگرچہ اس موقع پر اس بات کی وضاحت بھی کی جاتی ہے کہ قومی ادارے کے ساتھ عدم تعاون کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ اپنانے پر حق بجانب ہو گا۔