بی جے پی حکومت مسلم دشمن پالیسی پر چل رہی ہے: پاکستان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستانی قیادت کے بارے میں بھارت کے بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے غیرذمہ دارانہ اور قطعی بے بنیاد بیان کو مسترد کرتے ہیں جو اقلیتوں بالخصوص بھارت کے اندر آباد غیرمسلموں کے حقوق سے مسلسل انکار کی دائمی کیفیت کا عکاس ہے۔ بھارت کے اندر اقلیتوں سے روا سلوک نہ صرف بھارت کے اندر رہنے والی اقلیتوں بلکہ ہمسایہ ممالک اور پوری دنیا کے لئے لمحہ فکریہ اور پریشان کن ہے۔یہ امر انتہائی پریشان کن ہے کہ کرونا وائرس کی مہلک وباء کے کئی گنا پھیلائو کے دوران بھی انتہا پسندآر۔ایس۔ایس کے زیر اثر بی جے پی حکومت امتیازی اور مسلمان دشمن پالیسی اور اقدامات پر کاربند ہے۔ مسلمانوں کی کردار کشی اور انہیں نفرت کا نشان بنانے کی ایک منظم مہم جاری ہے۔پوری دنیا کی عوام اور مہذب عالمی ضمیر اس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔بھارت اپنی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔ 

ای پیپر دی نیشن