کرونا کے بڑھتے کیسز تشویشناک ، حکومت ضرورت مندوں کی عزت نفس کا خیال رکھے : بلاول

Apr 21, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس وقت بنیادی ترجیح قوم کو کرونا وباء سے محفوظ کرنا ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز انتہائی تشویشناک ہیں۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں پارٹی کے ایک اجلاس جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید نیر حسین بخاری، سینیٹر فرحت اللہ بابراور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے شرکت کی جبکہ سینیٹر شیری رحمن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئیں۔ اجلاس میں کرونا وائرس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے آئندہ ہونے والے اجلاس پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سید نیر حسین بخاری نے پارٹی چیئرمین کو ریلیف کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکلات کے شکار عوام کی مدد کرنا ان کا حق ہے۔ اس لئے ضرورتمند انسانوں کی مدد کے وقت ان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ نیئر بخاری نے بلاول بھٹو کو ریلیف سے متعلق بریفنگ دی۔

مزیدخبریں