ممبئی(آئی این پی) بھارتی کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بکیز کے ممکنہ رابطوں سے خبردار ہیں،کوئی بھی ایسی کوشش ہوئی تو فوری اطلاع کریں گے، سوشل میڈیا اسٹاف اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرح آگاہ اور چھان بین کے قابل ہر بات ہمارے ڈیٹا کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ معطل لیکن بکیز سرگرم ہیں، لاک ڈاون کی وجہ سے گھروں تک محدود اور سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آنے والے کھلاڑی بدعنوان عناصر کے دام میں گرفتار ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ردعمل میں بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اجیت سنگھ نے کہاکہ کھلاڑی بکیز کے ممکنہ رابطوں سے خبردار ہیں،ان کو پہلے سے ہی آگاہی دی جا چکی کہ کرپٹ عناصر کس طرح پلیئرز کو جال میں پھنساتے ہیں، انھیں یہ بھی معلوم ہے کہ سوشل میڈیا کو کس طرح رابطے بڑھانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔انھیں بتا دیا گیاکہ بکیز پہلے ایک عام پرستار کے روپ میں توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پھر آپ کے کسی جاننے والے کو سیڑھی بناکر رابطے بڑھانے کی کوشش ہوتی ہے، بکیز کسی نہ کسی طور کرکٹرز کے قریب ہونے کا بہانہ تلاش کرہی لیتے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ کھلاڑی بغیر کسی تاخیر کے ہمیں کسی بھی مشکوک شخص کے بارے میں اطلاع کردیتے ہیں، اب بھی کوئی بھی ایسی کوشش ہوئی تو فوری اطلاع کریں گے۔