کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور خطرناک وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مختلف ممالک میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی ہے۔ جنوبی افریقہ میں بھی حکومت نے ملک میں لاک ڈاؤن کردیا جس کے بعد لوگ جہاں گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، وہیں اس لاک ڈاؤن نے پینگوئینز کی موجیں کرادی ہیں۔ کیپ ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کے باعث عوام جہاں گھروں میں بند ہیں، وہیں چڑیا گھر کی تین پینگوئینز نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور سڑکوں پر نکل آئیں اور خوب چہل قدمی کی۔ یوں آزادی سے گھومتی پینگوئینز کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کورونا وائرس سے جنوبی افریقہ میں 54 اموات اور3,158 افراد متاثر ہیں جبکہ مہلک وبا سے اب تک 210ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس میں ایک لاکھ 65 ہزار 9 سو 24 اموات اور 24 لاکھ سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 6 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔