کراچی(کامرس رپورٹر)گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2020-21کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران ٹیکسٹائل اشیاء کی برآمدات میں 9.06 فیصد کا اضافہ رہا۔تفصیلات کے مطابق جولائی تا مارچ (2020-21) کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات 11ہزار355 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جن کے مقابلے جولائی تا مارچ (2019-20) میں 10،412.504 ملین ڈالر کی برآمدات رہی تھیں جو 9.06 فیصد اضافے کا مظاہرہ کرتی ہے۔ جن ٹیکسٹائل اجناس نے تجارتی نمو میں اہم کردار ادا کیا ان میں نٹ ویئر بھی شامل ہے ، جن کی برآمدات رواں سال کے دوران 2،299.800 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2،780.884 ملین ڈالر ہوگئیں ، جس میں 20.92 فیصد کا اضافہ دکھایا گیا ہے۔اسی طرح کاٹن(کاٹن یارن کے علاوہ)کی برآمدات بھی 12.53 فیصد اضافے سے 20.979 ملین ڈالر سے بڑھ کر 23.561 ملین ڈالر ہوگئی جبکہ بیڈ ویئر کی برآمدات میں 16.50 فیصد اضافے سے 1ہزار 761 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2ہزار 052 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔تولیوں کی برآمدات میں 16.84 فیصد اضافہ ہوا ، جو 592.370 ملین ڈالر سے بڑھ کر 692.111 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔