لاہور(نامہ نگار)ٹبی سٹی کے علاقے میں خاوند نے ساتھیوں کیساتھ مل کر فائرنگ کر کے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔میاں بیوی میں طلاق اور بچوں کی حوالگی کے حوالے سے عدالت میں کیس زیر سماعت تھے۔ فیصل آباد کے رہائشی غلام بٹ کی بیٹی 35 سالہ سمیرا بٹ کی شادی اعجازکیساتھ ہوئی تھی اور سپین شفٹ ہو گئے تھے۔ تین بچے پیدا ہوئے۔سپین میں ہی دونوں میاں بیوی کا جھگڑا ہوا اور سمیرا بٹ خاوند سے ناراض ہو کر پاکستان واپس آ گئی تھی جبکہ تینوں بیٹے اعجاز کے پاس تھے۔سمیرا نے خاوند سے خلع اوربچے تحویل میں لینے کیلئے عدالت میں کیس دائر کر رکھے تھے۔عدالت میں بچوں کی حوالگی کے کیس میں پیشی کے موقع پر سمیرا فیصل آباد سے لاہور آئی تھی۔سمیرا بٹ عدالت میں پیشی سے فارغ ہو کر کزن وسیم مشتاق کے ہمراہ سید مٹھا بازار میں رشتے داروں کے گھر افطاری کیلئے جا رہی تھی کہ ٹبی سٹی کے علاقے علی پارک،فورٹ روڈ کے قریب اس کا خاونداعجاز اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر آیاگیااور اندھا دھند فائرنگ کر کے سمیرابٹ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اورفرار ہو گئے جبکہ وسیم مشتاق محفوظ رہا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کرسمیرا کی نعش مردہ خانہ منتقل کر دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔