ملتان (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، کسی بھی بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے، زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف کارکردگی کا زیادہ دبا ئو اورلوگوں کی توقعات زیادہ ہوتی ہیں، زمبابوے کے پاس کھونے کو کچھ نہیں،میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز سے آگاہ اور موقع کی تلاش میں ہوگی۔گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، کھلاڑیوں کو پتہ ہے کہ ذرا سی غلطی ہمارے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے، زمبابوے کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے مختلف اور پاکستان سے ملتی جلتی ہوں گی مگر بائونس ہوم پچز سے تھوڑا زیادہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھائی ہے ان کیلئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے جبکہ نئے لڑکوں کیلئے کچھ کر دکھانے کا بہترین موقع ہے۔