لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کے تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزار لیٹر آف کمفرٹ کے حصول کیلئے بینک آف پنجاب یا اس کے مقرر کردہ بینکوں سے رجوع کریں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوام کیلئے اپنے گھر کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ لاہور میں پہلے مرحلے میں صوبائی وفاقی اور ایل ڈی اے ملازمین کو دو ہزار اپارٹمنٹس الاٹ کئے جائیں گے۔ 13 ہزار سے زائد درخواستوں کا وصول ہونا عوام کا اس منصوبے پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا یہ منصوبہ بغیر نفع نقصان فنانشل ماڈل پر شروع کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ نبی پاکؐ کی شان اقدس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا اور کوئی بھی مسلمان نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا۔ مسلمانوں کے دل رسول کریمؐ کی محبت سے منور ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے حالیہ ناخوشگوار واقعہ پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے معاملے کو سلجھانے کی بجائے بگاڑنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کی جانب سے آگ پر تیل چھڑکنے کے مذموم عزائم بری طرح ناکام رہے۔ عثمان بزدار بہاولپور سے تعلق رکھنے والی چہرے کے پیدائشی مرض میں مبتلا 10 سالہ بچی مریم کی آواز بن گئے۔ 10 سالہ بچی مریم کے مرض کے بارے میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ویڈیوکا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر 10 سالہ بچی مریم کے علاج معالجے کا حکم دیا ۔ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ وسیم اختر نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعلی کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔ حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے او پی سی ہیڈ آفس 1کلب روڈ جی او آر ون میں بورڈ آف ریونیو کے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سہولت مرکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیز اپنی فردیں اور پراپرٹی ٹرانسفر کر وا سکیں گے۔ عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی سید افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی سید افتخار گیلانی نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
2 ہزار اپارٹمنٹس کیلئے قرعہ اندازی، اپوزیشن نے ناخوشگوار واقعہ پر بھی سیاست کی: عثمان بزدار
Apr 21, 2021