وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی ،پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مختلف طریقہ ہائے کار پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ترجمان پاکستان دفترخارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا صدارتی محل آمدپر پرتپاک خیر مقدم کیا ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی ،ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ اس ملاقات میں موجود تھے۔وزیر خارجہ نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے، صدر روحانی اور برادر ایرانی قوم کے لئے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا،وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مختلف طریقہ ہائے کار پر گفتگوہوئی ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قیادت، کشمیری مسلمانوں کے نکتہ نظر کی مسلسل حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنائی اور صدر روحانی کی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،دونوں ممالک میں مشترک تاریخ، ثقافت، مذہب اور زبان پر مبنی خوشگوار قریبی اور مضبوط تعلقات استوار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے و یژن کی روشنی میں برادر ملک ایران کے ساتھ، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں ۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کی استواری اور سرحدی انتظام(بارڈر مینجمنٹ)میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے ایرانی عزم کا اعادہ کیا ۔

ای پیپر دی نیشن