سری نگر (کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں نامعلوم افراد نے پولیس اسٹیشن بڈگام پر دستی بم سے حملہ کیا۔موٹر سائیکل سوار افراد نے پولیس سٹیشن کی طرف ایک گرینیڈ پھینکا جو اس کے مرکزی دروازے کے باہر پھٹ گیا۔ تاہم کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ضلع راجوری میں ایک پراسرار دھماکے میں ایک غیر کشمیری جوڑا زخمی ہو گیا۔ بھارتی ریاست اترپردیش کا رہائشی ونود کمار اور اس کی بیوی کرانتی دیوی ضلع کے قصبے کو ٹرنکا کے علاقے جنگلانو میں دھماکے سے زخمی ہو گئے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو افراد کی غیر قانونی قید کا حکم کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری رہا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس ایم اے چوہدری نے بشیر احمد جبکہ جسٹس جاوید اقبال وانی نے سجاد حسین گل کی کالے قانون کے تحت غیر قانونی قید کالعدم قراردیا۔دوسری جانب جموں و کشمیر کے لع راجوری اور رام بن میں ٹریفک کے دو حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ راجوری کے ترالہ ریحان علاقے میں بدھ کی صبح ایک پرائیویٹ گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔