خان گڑھ،منڈا چوک ( خبر نگار،نامہ نگار) دکان کے سامنے پڑی گندگی اٹھانے کا معاملہ، دکاندار کے بیٹوں نے بلدیہ خان گڑھ کے خاکروب کی پٹائی کر دی اور سر پھاڑ ڈالا، مشتعل خاکروبوں نے گند سے بھری ٹرالی ملزمان کی دکان کے سامنے ڈال دی، تھانہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔ جمعرات کو ہڑتال کا اعلان، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ خان گڑھ کا خاکروب مظہر حسین بازار سے گزر رہا تھا کہ اسے شیخ گلزار اور اس کے بیٹے مصطفیٰ قریشی نے روکا اور دکان کے سامنے صفائی نہ ہونے کا گلہ دیا۔ جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر دکاندار لڑکوں نے اسے پکڑ کر زدو کوب کیا اور اینٹ مار کر سر پھاڑ دیا۔ جس سے خاکروب زخمی ہو گیا۔ جس پر خاکروب مشتعل ہو گئے اور انہوں نے گندگی سے بھری ہوئی ٹرالی بازار میں ملزم دکاندار کی دکان کے سامنے ڈال دی۔ جبکہ متاثرہ خاکروب نے تھانہ خان گڑھ میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دے دی ہے۔ پولیس نے میڈیکل ڈاکٹ جاری کر دیا ہے۔ خاکروبوں نے آج جمعرات کو ہڑتال کی کال دی ہے۔ دوسری طرف بھرے بازار میں گندگی، بدبو اور تعفن سے شہریوں اور دیگر دکانداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔