ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں گزشتہ روز شہر کی ادبی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ معروف دانشور اسد اریب کے گھر پہنچے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعزازی پلیٹ کی رونمائی کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اسد اریب کے اعزاز میں تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسد اریب کی خدمات نے اس خطے کے ہزاروں علم کے پیاسوں کی آبیاری کی ہے ضلعی انتظامیہ نے مختلف شعبوں کی سرکردہ شخصیات کے خدمات کو سراہنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔پہلے مرحلے میں معروف ادیب ڈاکٹر اسلم انصاری کے گھر پر اعزازی تختی لگائی گئی جبکہ مرحلہ وار تمام سرکردہ شخصیات کے گھروں پر اعزازی تختی کی رونمائی کرینگے۔عامر کریم خاں نے بتایا کہ اعزازی تختی کا مقصد ان شخصیات کی خدمات کو ادنی خراج تحسین پیش کرنا ہے قبل ازیں دانشور اسد اریب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے اقدام نے نئی خوشگوار روایت کو جنم دیا ہے ادب و فنون لطیفہ میں نام کمانے والوں کی حوصلہ افزائی پر شکرگزار ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اخلاق احمد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود،ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ،معروف دانشور خالد مسعود خان،پروفیسر علی سخنور،رضی الدین رضی سمیت اہل ادب اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
اسد اریب نے ہزاروں علم کے پیاسوں کی آبیاری کی : ڈی سی
Apr 21, 2022