کوئٹہ(بیورو رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی کی زیر صدارت ضلع لسبیلہ کے زمینداروں کے ذمہ کے الیکٹرک کے واجبات ودیگر متعلقہ امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، سیکرٹری خزانہ، حافظ عبدالباسط، سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر، سیکرٹری توانائی زبیر خان، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری لعل جان جعفر، ڈی جی توانائی آغا حسن اور کے الیکٹرک کے نمائندے سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلوں پر دی جانے والی سبسڈی پر بریف کیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ سبسڈائزڈ زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹر کیلیبریشن کے لیے کے الیکٹرک ضلعی انتظامیہ اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ مل کر ایک جوائنٹ سروے کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت بلوچستان لسبیلہ کے زمینداروں کو زرعی ٹیوب ویلوں پر واجبات کی ادائیگی کے لیے حکومت کے ذمہ واجبات کا ایک حصہ فوری طور پر ادا کرے گی۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کو واجبات کی ادائیگی پر نظر ثانی کرنے اور زمینداروں کے زرعی سیزن میں بجلی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے اور اس کے ساتھ ساتھ زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹرز نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت زرعی ترقی اور زمینداروں کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ ہم اپنے صوبے کے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر سکے۔
حکومت زرعی ترقی اور زمینداروں کو بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاں سردار محمد صالح بھوتانی
Apr 21, 2022