حکومت کوپٹرول مہنگا کرنے کی کڑوی گولی نگلنا پڑے گی، زاہد حسین

کراچی (کامرس رپورٹر) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کوملک وقوم کے مفاد میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی کڑوی گولی نگلنا پڑے گی،سابقہ حکومت نے تیل اوربجلی کی قیمت اسی لئے کم کی تھی کہ اگروہ فارغ ہوجائیں توآنے والی حکومت پھنس جائے اوراگرکامیاب ہوجاتے تودوبارہ قیمت بڑھا دیتے،پاکستان کوتیل اورگیس درآمد کرنا پڑتی ہے جبکہ بجلی کی کافی مقداربھی درآمد شدہ ایندھن پربنتی ہے، ایک تخمینے کے مطابق اگرجون تک موجودہ قیمتیں ہی برقرار رکھی جاتی ہیں تو ملک کو چھ سو ارب روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑے گا، اس لئے قیمتیں نہ بڑھائی گئی توملک دیوالیہ ہوجائے گا۔ سابقہ قیمتیں برقراررکھنے سے آئی ایم ایف سے قرضے کا حصول بھی مشکل ہوجائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے مفاد میں تیل کی قیمت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا جوخوش آئند تھا مگرخزانے میں اسکا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں ہے۔ اگرموجودہ قیمتوں کوبرقراررکھا گیا توجی ڈی پی کا خسارہ جوپانچ فیصد رہنے کی توقع کی جا رہی تھی دس فیصد تک بڑھ جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سب ہی لوگوں کے لئے تیل کی قیمت کم رکھنے کے فیصلے سے ان طبقات کو بھی فائدہ ہورہا ہے جنھیں سبسڈی کی کوئی ضرورت نہیں اس لئے بینظیر کارڈ کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ اپنایا جائے یا غریب عوام کو انکم سپورٹ کی مد میں ریلیف دیا جائے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سری لنکا کے بعدخطے میں پاکستان کی معیشت سب سے کمزورہے۔ سری لنکا دیوالیہ ڈکلیئر ہوچکا ہے اوراب خدانخواستہ پاکستان کی باری ہے جسے غیرمقبول اورسخت فیصلوں سے ٹالا جا سکتا ہے۔  

ای پیپر دی نیشن