رشکئی خصوصی اقتصاد ی زون 11 ادارے صنعتی یونٹ قائم کر رہے ہیں: حسن د ائودبٹ

Apr 21, 2022

پشاور (آئی این پی )خیبر پی کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے سی ای او حسن د ائو دبٹ نے کہا ہے کہ رشکئی خصوصی اقتصاد ی زون میں 11 کاروباری ادارے صنعتی یونٹ قائم کر رہے ہیں ، خصوصی اقتصاد ی زون کی تعمیر 3 مرحلوں میں 6 سے 7 سال تک مکمل ہو گی۔ زون کو بجلی کی فراہمی کا بھی تین مرحلوں میں منصوبہ بنایا گیا ہے،چین کا سرکاری ادارہ چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن ( سی آر بی سی ) خصوصی اقتصاد ی زون کی ترقی کیلئے اپنی مارکیٹنگ میں سرگرم ہے۔ حسن د ائو دبٹ نے گوادر پرو کو ایک انٹرویو میں بتا یا کہ رشکئی خصوصی اقتصاد ی زون کی تعمیر 28 مئی 2021 ء کوکمرشل  طور پر شروع کی گئی تھی۔ صنعتی یونٹوں کی تعمیر کا کام جاری ہے، جس میں سینچری سٹیل بھی شامل ہے جو ایک چینی ملکیتی کمپنی ہے اور سٹیل آف دی آرٹ مینوفیکچرنگ کی سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ 11 کاروباری اداروں کو 42 ایکڑ رقبے کیساتھ 11.826 بلین روپے کی متوقع سرمایہ کاری اور  خصوصی اقتصادی زون میں روزگار کے 2500مواقع کیساتھ صنعتی یونٹس کے قیام کیلئے زمین الاٹ کردی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ   خصوصی اقتصاد ی زون کو بجلی کی فراہمی کا بھی تین مرحلوں میں منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں، ستمبر 2020ء میں 10 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی ، فیز ٹو میں 160 میگاواٹ جبکہ فیز تھری میں 50 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ زون میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گیس ٹرانسمیشن پائپ لائن بچھانے کا کام دسمبر 2021 ء میں مکمل کر لیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں