کراچی(کامرس رپورٹر)گیارہویں بین الاقوامی دفاعی نمائش و کانفرنس 15سے 18نومبر کو کراچی میں منعقد ہوگی۔ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت دفاعی نمائش و کانفرنس کے انعقاد کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ 20اپریل کو کراچی میں منعقد ہوا۔کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل محمد سعید ہلال امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزارتوں، سندھ حکومت کے سرکاری محکموں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران اور ایونٹ منیجر بدر ایکسپو سلوشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پاکستان کے اس میگا ایونٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں ہم آہنگی قائم کرنا ہے۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئی ڈی ای اے ایس) جنوبی ایشیا کا ایک اہم ایونٹ ہے جو ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت منعقد کی جاتی ہے۔ کرونا کی عالمی وباء کی وجہ سے 2020میں نمائش کا انعقاد نہ ہوسکا اور اب یہ نمائش 4سال کے تعطل کے بعد منعقد کی جارہی ہے۔ دفاعی نمائش، آئیڈیاز سال 2000میں آغاز کے بعد سے دفاعی مصنوعات بنانے والے اداروں، انٹرپرنیوررز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ماہرین، مالیاتی ماہرین اور سرفہریست پالیسی میکرز کے لیے تعاون کے فروغ، معلومات کے تبادلہ اور دفاعی شعبہ میں اشتراک عمل کو فروغ دینے کا اہم ایونت بن کر ابھرا ہے۔آئیڈیاز وہ ایونٹ ہے جو عالمی دفاعی صنعت کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کا زریعہ بنتا ہے۔دفاعی نمائش و کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل محمد سعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ آئیڈیاز کے 11ویں ایڈیشن کا انعقاد ٹیکنالوجی کے تبادلہ اور فروغ کے لیے ہمارے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ عالمی امن، استحکام اور توازن کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ہونے کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دفاعی نمائش و کانفرنس، آئیڈیاز کے اب تک ہونے والے تمام ایڈیشنز حکومتی محکموں، مسلح افواج، سرکاری اور نجی دفاعی صنعت، تجارتی انجمنوں بالخصوص کراچی کے شہریوں کی بھرپور سپورٹ کی وجہ سے بھرپور کامیابی سے منعقد ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش 15نومبرسے کراچی میں ہوگی
Apr 21, 2022