وزیراعظم کی صدر سے ملاقات تلخی کم کرنے پر تبادلہ خیال

Apr 21, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔ ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چاروں صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی پر بات چیت کی۔ گورنر پنجاب کو ہٹانے کیلئے بھجوائی گئی سمری پر گفتگو کی۔  ممملکت کے امور کی بجا آوری اور قومی سلامتی جیسے حساس معاملات زیرغور آئے۔ ملاقات میں تلخی کو بھی کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہوں۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کی خیریت بھی دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی کے درمیان مختصر سی ملاقات ہوئی جس کا دورانیہ 15 سے 17 منٹ تھا۔ دوسری جانب ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق  صدر مملکت  اور وزیراعظم کی ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے بدھ کو ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور برطانوی حکومت کی جانب سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے تہنیتی ٹویٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو وسیع پیمانے پر مختلف امور میں تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے بہتر تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو سٹرٹیجک سطح پر فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم تقریباً 1.6 ملین سمندر پار پاکستانیوں کے دونوں ملکوں کے مابین ادا کئے جانے والے پل کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے قانونی ہجرت کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے فروغ کیلئے برطانیہ کے اقدامات کو بھی سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسیع کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد نے بدھ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بحرین کی قیادت کی طرف سے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ بحرین کے سفیر نے کہا بحرین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام پر بحرین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو مستحکم بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں کنگ حماد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز ہاسپٹل کے منصوبے کا بھی خیرمقدم کیا جو دونوں ممالک کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ بحرین میں بہت بڑی تعداد میں سمندرپار پاکستانی رہتے ہیں۔ پاکستان اور بحرین نے گزشتہ سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ بھی منائی تھی۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف  سے امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے ملاقات کی۔ پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاک امریکہ تعمیری روابط سے خطے  میں امن اور ترقی کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات میں اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں کو سراہا ۔ وزیراعظم نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف آج شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے۔ وہ شمالی وزیرستان میں قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف کو وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔مزید براں وزیراعظم شہبازشریف سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمنٰ نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قومی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم سے سردار اختر مینگل نے بھی ملاقات کی۔ اختر مینگل نے کابینہ میں شمولیت سے متعلق تحفظات پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے سردار اختر مینگل کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم ملاقات 

مزیدخبریں