اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے تحت بحرین کی بندرگاہ منا سلمان کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس شمشیر کی تعیناتی کا بنیادی مقصد شمالی بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ مناسلمان بندرگاہ آمدپرپاک بحریہ کے جہازپی این ایس شمشیر کو پاکستان کے نیوی، فضائیہ کے اتاشی اورپاکستان کے سنٹرل کمانڈہیڈکوارٹرزمیں تعینات سینئرنیول نمائندگان نے پر تپاک استقبال کیا۔ بحرین کی بندرگاہ میں قیام کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر رائل بحرین نیو ل فورسز، بحرین کے کمانڈرکوسٹ گارڈ اور کمانڈرکمبائنڈ میری ٹائم فورسز سے ملاقاتیں کی۔ ملاقات کے دوران پی این ایس شمشیر کے کمانڈنگ آفیسر نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے بحرین کی بحریہ کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ منا سلمان بندرگاہ میں قیام کے دوران پی این ایس شمشیراوربحرین کی دفاعی فورسز کے مابین پیشہ ورانہ نوعیت کے دوروں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ پاک بحریہ خطے میں امن کے فروغ اور استحکام پر یقین رکھتی ہے، پی این ایس شمشیرکا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مابین موجودہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کومزید تقویت ملے گی۔