لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری میڈیکل کمیشن ڈاکٹر اسد عباس نے خبردار کیا ہے کہ ایسے سپلیمنٹس بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں جن کے کھانے سے باڈی بلڈرز موت کے منہ میں بھی جا چکے ہیں۔ کھلاڑی آگے بڑھنے کیلئے ناجائز حربے استعمال نہ کریں، ڈوپنگ کا استعمال ثابت ہونے پر چار سالہ پابندی لگ سکتی ہے، ویٹ لیفٹر طلحہ طالب کا معاملہ ابھی تک ہمارے پاس نہیں پہنچا۔کبڈی کھلاڑیوں کی ڈوپ انکوائری اگلے ہفتے سے شرو ع ہوجائیگی، کامن ویلتھ گیمز سے پہلے پہلے کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے نقصانات اور اس سے بچنے کیلئے آگاہی مہم ایک بار پھر شروع کر دی ہے۔پاکستان میں پہلے ہی کھیلوں کی زیادہ سہولیات نہیں، ایسے میں کھلاڑیوں کو سخت محنت بڑی احتیاط کیساتھ بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کی ضرورت ہے۔ ڈوپنگ میں پکڑے جانے سے نہ کھلاڑی کا کیریئر ختم ہوسکتا ہے بلکہ پاکستان کی عزت پر بھی حرف آتا ہے۔